Live Updates

جاپانی اعزازی قونصل جنرل ندیم شاہ کی سیکرٹری آئی ٹی سے ملاقات

ْ کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت ،نسانی وسائل کی ترقی بارے تبادلہ خیال

بدھ 3 ستمبر 2025 17:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سیدندیم عالم شاہ نے سیکرٹری آئی ٹی بلوچستان ایاز مندوخیل سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون پر اتفاق اور انسانی وسائل کی ترقی بارے تبادلہ خیال کیاگیا، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کیلئے تعلیم، تربیت اور روز گار کے مواقع پر بات چیت کی گئی اور پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور دیاگیا۔ فریقین نے تعلیم، تحقیق اور جدید ہنر کے فروغ کیلئے تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے آئی سی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس میں تربیتی پروگرامز اور ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری، تجارت بارے تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آئی ٹی بلوچستان ایاز مندوخیل نے کہاکہ بلوچستان میں آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچرکی ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، جاپانی کمپنیاں بھی بلوچستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سیدندیم عالم شاہ نے جدیدانفارمیشن ٹیکنالوجی کو روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی گورننس اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے،جاپان معاشی، ٹیکنالوجی اور معاشرتی ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے لہٰذازلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے سدباب کیلئے پاکستان جاپان کے تجربات سے استفادہ کرے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات