این اے 129 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے اندر شدید اختلافات

بدھ 3 ستمبر 2025 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2025ء)این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری ارسلان ظہیر اور بجاش خان کے درمیان سرد جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ پارٹی اندرونی خلفشار کا شکار ہے اور متحدہ بیانیہ سامنے نہیں آ سکا۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے چودھری ارسلان کی کھل کر حمایت کی ہے۔حماد اظہر نے بجاش خان نیازی کے خلاف سوشل میڈیا پر مخالفت کی مہم بھی شروع کر دی ہے جس کے نتیجے میں بجاش خان اور حماد اظہر کے درمیان لفظی جنگ اور الزامات کی بارش دیکھنے کو ملی۔

(جاری ہے)

دونوں امیدوار پارٹی ٹکٹ کے بغیر آزاد حیثیت سے میدان میں موجود ہیں جس سے پی ٹی آئی کارکنان کنفیوژن کا شکار ہیں اور ووٹ بینک واضح طور پر تقسیم ہو چکا ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی قیادت کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی ہے اور اندرونی اختلافات مخالف امیدوار کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن اس صورتحال کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی تیاری میں ہے۔ ووٹرز کی نظریں اب تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت پر مرکوز ہیں، تاہم کوئی واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آ سکا۔این اے 129 کا یہ ضمنی انتخاب پی ٹی آئی کے لیے امتحان بن گیا ہے اور اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو نشست کھونا یقینی ہو سکتا ہے۔