کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس ،عید میلاد النبی ؐکا مرکزی جلوس عقیدت و احترام کیساتھ نکالنے کا فیصلہ

جلوس کے روٹس کو مکمل طور پر سیل کر کے پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کیے جائیں گے،شاہزیب خان

بدھ 3 ستمبر 2025 19:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادی، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویشن کلیم اللہ، ایف سی حکام، پولیس افسران، انجمن تاجران کے نمائندے، اہل سنت والجماعت سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور معززین نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اور فول پروف سیکیورٹی کے تحت نکالا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، لہٰذا جلوس کے روٹس کو مکمل طور پر سیل کر کے پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے کے بعد سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی حساس ہے، اس لیے جلوسوں اور ریلیوں کی تعداد کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ مرکزی جلوس کو بھرپور اور منظم سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ جلوس کے دوران تمام دکانیں بند رکھی جائیں گی، گاڑیوں کی پارکنگ جلوس کے مقام سے دور کرائی جائے گی، اور جلدازجلد جلوس کے اختتام کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ پولیس رضاکاروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے گی تاکہ جلوس کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے دوران عوام کے تحفظ کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی اور تمام مکاتب فکر کے افراد سے اپیل ہے کہ وہ امن و بھائی چارے کو فروغ دیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :