مظفرآباد ، ٹمبرمافیا کا راج، 40 کنال قیمتی جنگلاتی رقبہ ناجائز قبضے میں 500 سے زائد درخت کاٹ کر فروخت

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:23

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) گڑھی دوپٹہ کے علاقہ دومیل، بلاک کیساں ہلال میں ٹمبر مافیا نے عرصہ 20 سے 25 سال سے قیمتی جنگلاتی رقبہ تقریباً 40 کنال پر ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ عوام علاقہ کے مطابق عبدالحمید اور محمد آصف پسران کالو اس رقبہ پر قابض ہیں اور نہ صرف اہل دیہہ کو ڈراتے دھمکاتے ہیں بلکہ راستے اور پانی کے ذرائع بھی بند کر رکھے ہیں، جس سے مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

اہل دیہہ نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے عملہ اور عدالت کی جانب سے بے دخلی کے احکامات جاری ہوئے کئی سال گزر گئے ہیں، مگر بااثر ٹمبر مافیا اور چند مقامی اہلکاروں کی ملی بھگت کے باعث کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ مقامی نمائندوں کے مطابق ملزمان اب تک 500 سے زائد قیمتی درخت کاٹ کر فروخت کر چکے ہیں اور ہر ماہ مزید درخت بریں کر کے نوتوڑ میں اضافہ کر رہے ہیں، جس سے علاقے کے قدرتی جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رقبہ چونکہ اونچائی پر واقع ہے، اس لیے کسی بھی وقت کلاؤڈ برسٹ یا شدید بارش کے باعث نچلی آبادی کو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔ اہل علاقہ نے الزام لگایا کہ ٹمبر مافیا نے 6 کنال سرکاری رقبے پر حکم امتناعی حاصل کر کے بڑے جنگلاتی رقبے پر قبضے کو تحفظ دینے کی کوشش کر رکھی ہے۔ عوام علاقہ نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، وزیر جنگلات اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ذاتی نگرانی میں خصوصی کمیشن تشکیل دے کر آپریشن کیا جائے اور قبضہ مافیا سے 40 کنال قیمتی جنگلاتی رقبہ واگزار کرایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل محفوظ رہ سکیں۔