کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا تحصیل آفس راجہ بازار کا دورہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے تحصیل آفس راجہ بازار کا دورہ کیا اور ریونیو معاملات و پبلک ڈیلنگ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہریار خان، اسسٹنٹ کمشنر، سب رجسٹرار و دیگر ریونیو افسران بھی وہاں موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل آفسز و رجسٹرار آفسز کے دورے باقاعدگی سے کریں اور ریونیو معاملات کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل آفس راجہ بازار کو ماڈل تحصیل آفس بنایا گیا ہے اور اس ماڈل کو پوری ڈویژن میں نافذ کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو روزانہ کی بنیاد پر رجسٹرار آفسز میں وقت گزاریں اور ان کی سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر کریں،چونکہ ان ریونیو دفاتر میں عوام کا واسطہ سب سے زیادہ پڑتا ہے اس لئے لینڈ ریکارڈ آفس میں آنے والے شہریوں کے لیے بیٹھنے کی مناسب سہولیات، پینے کے صاف پانی کا انتظام اور شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے اور سروس کی فراہمی کا وقت زیادہ سے زیادہ 15 سے 20 منٹ تک محدود رکھا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ معذور شہریوں کے لیے وہیل چیئر فراہم کی جائے اور ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں، ریکارڈ روم کو فوری طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جدید اور شفاف سہولتیں میسر آسکیں۔\378

متعلقہ عنوان :