جشن میلاد کے موقع پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے جشنِ عید میلادالنبی ؐ کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان تقریبات کا اہتمام فیضانِ مدینہ آفندی ٹاؤن، مسلم کلاتھ مرچنٹ یونین عظیم الشان کلاتھ مارکیٹ اور حیسکو کانفرنس ہال میں کیا گیا۔

ترجمان حیسکو کے مطابق مسلم کلاتھ مرچنٹ یونین کی تقریب میں فیض اللہ ڈاہری کا شاندار استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور آتش بازی کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کے بعد انہیں روایتی سندھی ٹوپی، اجرک اور پگڑی بھی پیش کی گئی۔ تقریب میں کیک کاٹا گیا جبکہ یونین کے عہدیداران نے کہا کہ ہر سال عید میلادالنبی ؐ کو شایانِ شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ جشن میلاد کے موقع پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عاشقانِ رسول عقیدت و احترام کے ساتھ یہ دن مناسکیں۔ انہوں نے دعوتِ اسلامی کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دینی و سماجی میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ دوسری جانب حیسکو کانفرنس ہال میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نعت خوانی اور خصوصی بیانات پیش کیے گئے۔

فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی شان میں منعقدہ محافل رحمت و برکت کا باعث بنتی ہیں اور مسلمانوں کو کثرت سے درود و سلام پڑھنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک، امت مسلمہ اور حیسکو کی ترقی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر حیسکو کے سینئر افسران اور تاجر برادری کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :