صوبائی محتسب پنجاب کو آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) صوبائی محتسب پنجاب کے ادارے کو شفافیت، غیرجانبداری اور عوام کو مفت و بروقت انصاف کی فراہمی پر عالمی ادارہ انٹرنیشنل اسٹینڈرڈز آرگنائزیشن کی جانب سے اعلیٰ معیار کا اعتراف دیتے ہوئے آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب کے ذیلی دفتر فیصل آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈوائزر مہر محمد اسلم حیات سیال، ایڈوائزر محمد نواز خالد عاربی اور ایڈوائزر ڈاکٹر طارق سردار کے علاوہ مختلف محکموں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔

مہمانوں میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار (چیئرمین شعبہ فزکس، رفاہ یونیورسٹی)، پروفیسر خالد حسن (پرنسپل گورنمنٹ میونسپل پوسٹ گریجویٹ کالج)، پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن (ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز) اور ملک لال خان کھوکھر (ایس ڈی پی او اسپیشل برانچ فیصل آباد) شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزر محمد نواز خالد عاربی نے کہا کہ ادارہ عوام الناس کے بنیادی حقوق کے تحفظ، قانون کی بالادستی کے قیام، بدانتظامی کے باعث ہونے والی ناانصافی کے ازالے اور بدعنوانیوں کے سدباب کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ادارے کی نمایاں کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ایڈوائزر مہر محمد اسلم حیات سیال نے اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب عائشہ حامد کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایاجس میں ادارے کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ حاضرین کو ادارے کی کامیابیوں سے متعلق ایک خصوصی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے شرکاء نے سراہا۔آخر میں ایڈوائزر ڈاکٹر طارق سردار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لئے سرکاری محکموں اور دفتر محتسب پنجاب کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے، انہوں نے تمام شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :