لاہور پولیس کی کارروائی، 154گینگز کے 343 ملزمان گرفتار، 4کروڑ 23لاکھ روپے سے زائد مال مسروقہ برآمد

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) لاہور پولیس نے ماہِ اگست کے دوران 154گینگز کے 343 ملزمان گرفتار کر کے 4کروڑ 23لاکھ روپے سے زائد مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ مال مسروقہ میں 240موٹر سائیکلیں، کاریں، سونا و نقدی شامل ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان سے 808وارداتیں ٹریس کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلحہ کی نمائش و غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر 574ملزمان گرفتار کیے گئے جن سے 5کلاشنکوف، 22رائفلز، 29بندوقیں، 524پستول، 2 ہزار سے زائد گولیاں قبضہ میں لی گئیں۔

فیصل کامران نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز سمیت شہر میں تمام جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ راہزنی، چوری ڈکیتی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

بینک، اے ٹی ایمز، تجارتی مراکز کے لیے سپیشل سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارداتوں کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی اور کنٹرول رومز سے اہم مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری مشکوک افراد یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری15 پر دیں۔

متعلقہ عنوان :