پنجاب محتسب کی بین الاقوامی معیار کی سرٹیفکیشن اعلیٰ کارکردگی کی عکاس ہے ، ایڈوائزر ریجنل محتسب

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ایڈوائزر ریجنل محتسب پنجاب راولپنڈی محمد احسان طفیل نے کہا ہے کہ پنجاب محتسب کی عالمی سطح پر پذیرائی ادار ہ پر عوام کا اعتماد ہے،آئی ایس او سرٹیفکیشن عالمی معیار کا اعتراف ہےجس سے عوامی خدمت میں شفافیت اور بہتری آئے گی اور محتسب آفس کی کارکردگی میں اضافہ کے ساتھ مسابقتی برتری اور بہتر سروس ڈلیوری حاصل ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو رکن قومی اسمبلی ملک ابرار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل محتسب پنجاب میں ماہانہ عوامی شکایات کی شرح 250 سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ دفتر محتسب پنجاب نے بین الاقوامی معیار کی حاملISO9001-2015 کوالٹی مینجمنٹ سسٹم (QMS) سرٹیفکیشن حاصل کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سرٹیفکیشن ادارے کی اعلیٰ کارکردگی، شفافیت اور سروس ڈلیوری میں تسلسل کے ساتھ بہتری کی واضح عکاسی ہے،دفترمحتسب پنجاب نے ایک ایسا موثر نظام نافذ کیا ہے جومکمل طور پر بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہے۔

دفتر محتسب پنجاب کا ISO9001-2015سرٹیفائیڈ ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ادارہ عوامی خدمات کی فراہمی میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی معیارات پر بھی پورا اُتر رہا ہے۔محتسب پنجاب کا ادارہ صوبائی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کا ازالہ کرتا ہے۔ محتسب شکایات آن لائن موبائل ایپلیکیشن، 1050 ہیلپ لائن سے بھی وصول کی جاتی ہیں۔ کسی بھی سرکاری ادارے کے خلاف شکایات کا ازالہ 90 دن کے اندر کیا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر سرٹیفکیشن کمپلینٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔