ڈیرہ غازی خان ، پولیو مہم کے دوران 6 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ڈیرہ غازی خان میں انسداد پولیو مہم کے پہلے تین روز میں 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ ضلعی محکمہ صحت کے مطابق، مہم ڈیرہ غازی خان کی 59 یونین کونسلوں میں جاری رہی، جبکہ بچوں کو قطرے پلائے جانے کی تعداد کے حوالے سے مکمل کوائف جمع ہونے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ حالیہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ بچے اب بھی خطرے میں ہیں اس لیے والدین کے تعاون سے ہر بچے کو قطرے پلانا ناگزیر ہے۔صحت حکام نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ہی اس مرض سے بچنے کا واحد مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ آنے والی انسداد پولیو مہموں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ڈیرہ غازی خان سمیت پورے ملک کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :