Live Updates

دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں کمی، انتظامیہ کی مسلسل نگرانی

جمعہ 5 ستمبر 2025 10:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی شدت میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ ہیڈ محمد والا اور چناب پل کے مقام پر پانی کی سطح بتدریج کم ہونا عوام کے لیے اطمینان کا باعث بن گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بستی جھگوں والا، اکبر بند، سکندری نالہ اور شیر شاہ بند تک پہنچنے والے پانی کی سطح میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اکبر فلڈ بند کے ہنگامی گیج پر پانی کی سطح 414 سے کم ہوکر 413.5 فٹ پر آگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ ان کی ہدایت پر ضلعی ٹیموں نے رات بھر فلڈ بندوں پر انسپکشن کا عمل جاری رکھا تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ان کے مطابق بستی گاگراں کے زمیندارہ بند کے علاوہ کسی اور بند کے ٹوٹنے کی رپورٹ نہیں ملی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دریائے چناب کا سیلابی ریلا آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید سطح کم کرے گا۔ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیڈ محمد والا روڈ اور شیر شاہ بند کو تاحال بریچ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل بریچننگ کمیٹی ہر دو گھنٹے بعد اجلاس منعقد کرکے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو بروقت محفوظ مقا مات پر منتقل کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :