Live Updates

عمران خان کے بھانجےشاہ ریز خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا

ایک لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکے جمع ہونے پر شاہ ریز کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 5 ستمبر 2025 11:12

عمران خان کے بھانجےشاہ ریز خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 ستمبر 2025ء ) جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رہائی کے بعد شاہ ریز خان کوٹ لکھپت جیل سے اپنی فیملی اور لیگل ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوئے۔ جیل حکام کے مطابق ایک لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکے جمع ہونے پر شاہ ریز کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی۔

دو روز قبل علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کی گئی تھی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی۔ شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، مقدمے کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ہر شخص کی جیو فینسنگ بھی کرلی گئی ہے مگر شاہ ریز کا کہیں ذکر نہیں۔

(جاری ہے)

وکیل کا کہنا تھا کہ چالان میں بھی ملزم کا نام شامل نہیں جبکہ کسی تفتیشی افسر نے بھی ان کے خلاف بیان نہیں دیا۔ وکیل کے مطابق واقعے کے وقت شاہ ریز چترال میں موجود تھے اور اس حوالے سے تمام افراد کے بیانِ حلفی بھی موجود ہیں۔ رانا مدثر نے مزید کہا کہ 28 ماہ بعد شاہ ریز کو اس مقدمے میں شامل کیا گیا، مگر آج تک کسی تفتیشی افسر نے انہیں طلب نہیں کیا۔ ملزم کے وکیل کے دلائل کے بعد سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ ریز کے دوستوں کی فیس بک سے تصاویر حاصل کی گئی ہیں، تاہم ان کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات