Live Updates

استور ،حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والا محمود آباد دنیور کا واٹر چینل بحال کر دیا گیا،معاون خصوصی حسین شاہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:00

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والا محمود آباد دنیور کا واٹر چینل بحال کر دیا گیا ہے۔متاثرہ چینل کی مکمل بحالی، معاون خصوصی برائے واٹر مینجمنٹ اینڈ ایریگیشن حسین شاہ کی ذاتی دلچسپی، مسلسل نگرانی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایات پر عملدرآمد کے باعث ممکن ہو سکا۔اس بحالی سے نہ صرف زرعی زمینوں کو پانی کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے بلکہ مقامی عوام کو پینے کے صاف پانی تک رسائی بھی بحال ہو گئی ہے۔

سیلاب کے باعث واٹر چینل کی بندش سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا تھا، تاہم حکومت گلگت بلتستان نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے بحالی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا۔معاون خصوصی حسین شاہ نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں ہم عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

محمود آباد دنیور کے عوام کو درپیش مشکل کا ادراک رکھتے ہوئے ہم نے واٹر چینل کی بحالی کو ترجیح دی، اور آج الحمدللہ یہ چینل کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔

مقامی افراد اور عمائدین نے حکومت کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، واٹر مینجمنٹ و ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے کے تحت دیگر ترقیاتی منصوبے بھی جلد مکمل ہوں گے۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :