حضورﷺ کی زندگی ہم سب کے لئے ایک بہترین نمونہ حیا ت ہے،سردار عتیق احمد خان

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ حضورﷺ کی زندگی ہم سب کے لئے ایک بہترین نمونہ حیا ت ہے،ہمیں عمل کے طرف آگے بڑھنا ہوگا۔حضرت محمد ﷺ دنیا میں اتنا بڑا انقلاب لائے جو تاقیامت اپنا اثر رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی اصولوں کے ساتھ ساتھ اخلاقی اصولوں پر قائم معاشرے ترقی کرتے ہیں۔

اپنے پیغام میں صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ قرآن پا ک اور سنت رسول قیامت تک آنے والوں کے لئے رشد و ہدایت ہے۔اللہ تعالی نے ہماری ذمہ داریاں بھی لگائیں ہیں جیسے کہ نماز قائم کرنا، رزق کا حصول، زکوة خیرات کرنا شامل ہے، حضورﷺاللہ تعالی کا پیغام لیکر آئے کہ اللہ ایک ہے اور شرک نہ کرو، آ پﷺنے انصاف کا نظام قائم کیا، غریب کی سنی۔

(جاری ہے)

سیرت النبی ﷺ سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ آپﷺنے بھی اشرافیہ،ظلم اور جبر کے باوجود ایک ٹیم بنائی اور ایک انقلاب لائے جو پوری دنیا پر چھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں اسی طرح کے جذبے، تحریک اور ایثار کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں ہمیشہ سے غریبوں اوربے سہارا لوگوں کا خیال رکھا گیا او ر انصاف یقینی بنایا گیا۔ آپﷺنے ہمیشہ تلقین کی کہ حکمران اپنے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے، اپنا معیار زندگی وہاں کی عوام کے مطابق بنائے اور غریبوں کا خیال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر علم کے دنیا میں مقابلہ نہیں کیا جاسکتا،ہمیں ہر سطح پر اس پر کام کرنا ہوگا،اس وقت بھی 2 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہم سب کو ملکر اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا پھر ہی ہم درست سمت میں آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک کے امن سبوتاڑ کرنے کی مذموم کارروائیوں کے درپے ہیں اور معصوم، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد خود کو اللہ تعالی کے قہر اور عذاب سے نہیں بچا سکتے۔