ایبٹ آباد، محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں 226 ملین روپے لاگت کے گلیات سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ اور 300 ملین روپے لاگت سے 8 آثار قدیمہ مقامات کی بحالی و تحفظ کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں گلیات میں کوڑا ٹھکانے لگانے کے انتظام (سالڈ ویسٹ مینجمنٹ) کے ایک پائلٹ منصوبے کی منظوری عمل میں لائی گئی، جس کا تخمینہ لاگت 226 ملین روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ایک نجی کمپنی کو بطور خدمات کی فراہمی کا تقرر کیا جائے گا، جو گھروں کی دہلیز سے گھریلو کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے اور اس کی نقل و حمل اور اس کے احتیاط سے ٹھکانے لگانے (سیف ڈسپوزل) کی مکمل ذمہ دار ہو گی۔

(جاری ہے)

محکمہ کا کردار اس منصوبے کی نگرانی (مانیٹرنگ) تک محدود ہو گا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد نے کی۔

اجلاس میں دیر لوئر اور دیر اپر جبکہ چترال لوئر اور چترال اپر میں واقع 8 آثار قدیمہ مقامات (آرکیالوجیکل سائٹس) کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں کی کل تخمینہ لاگت 300 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبد الصمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اسے دیگر سیاحتی علاقوں کاغان، ،ناران اور سوات تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا جدید خطوط پر سیاحت کا فروغ وژن ہے، اسی وژن اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سید شہاب علی شاہ کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت خیبر پختونخوا میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :