ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے یومِ ولادت رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارک باد

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے یومِ ولادت رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارک باد، اپنے تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کائنات کی عظیم ترین ہستی کی ولادتِ باسعادت تمام نوع انسان کے لئے تحفہ خداوندی ہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت جہالت کا خاتمہ بنیادی انسانی حقوق کی برابر تقسیم اور خدائے واحد کے آگے سر تسلیمِ خم کرنے کے لئے تھی، محبوبِ خدا کا فرمان عالیشان کسی عربی کو عجمی اور عجمی کو عربی پر سوائے تقوی کے کوئی فوقیت نہیں ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ اخلاق و کردار اور عمل صالح کے ذریعے ہستی عظیم کے امتی ہونے کو ثابت کریں اور حقوق العباد ادا کرنے کے نبوی طریقے کو اپنی زندگیوں کا مقصد بنائیں۔