گندم ذخیرہ کرنے پر 2 کمیشن شاپس، ایک فلور ملز کا گودام بھی سیل کر دیا گیا،اے ڈی سی جی رحیم یارخان

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:30

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ضلع رحیم یارخان میں گندم کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں گودام کو سیل کردیاگیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور نے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (پیرا فورس) اعظم خان گوپانگ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عبدالماجد و دیگر کے ہمراہ مختلف فلور ملز اور کمیشن شاپس کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے دستیاب ریکارڈ اور گوداموں میں موجود گندم کا موازنہ کیا۔

انہوں نے آٹا کے ایکس مل ریٹ اور مارکیٹ میں فروخت آٹے کی قیمتوں کا بھی معائنہ کیا۔نجی فلور ملز میں آٹے کے گودام کو سیل کر دیا گیا جس میں 24ٹن سے زائد آٹا کے تھیلے موجود تھے۔علاوہ ازیں ظاہر پیر بائی پاس روڈ پر دو بڑی کمیشن شاپس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جہاں مجموعی طور پر 45ٹن سے زائد گندم موجود تھی۔

(جاری ہے)

دونوں کمیشن شاپس کو بھی سیل کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عرفان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق آٹا 10کلو گرام تھیلا 905روپے اور 20 کلو گرام 1810روپے میں فروخت ہو گا اس سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے تمام فلور ملز، آٹا چکی، سیڈ کمپنیوں اور کمیشن ایجنٹس کو واضح کہا کہ وہ اپنے پاس دستیاب گندم اور آٹا کا مکمل ریکارڈ ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں۔ دستیاب ریکارڈ سے زائد آٹا یا گندم کی موجودگی ذخیرہ اندوزی تصور کی جائے گی اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔\378