Live Updates

نصیرآباد سمیت دیگر اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے بلوچستان کا انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے ساتھ اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان کے ڈائریکٹر پلاننگ و کوآرڈینیشن نوید احمد کی زیر صدارت نصیرآباد اور گردونواح کے اضلاع میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا ایک اہم کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے شرکت کی جن میں بی آر ڈی ایس کے ریجنل منیجر سید اقبال شاہ، بی آئی ایس ڈی کے سی ای او فدا حسین، جے یو جعفرآباد کے سی ای او عبدالسلام، اسلامک ریلیف کے نمائندہ مشتاق خان اور یو این او سی ایچ اے کے نمائندہ شامل تھے۔

اجلاس میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ڈی ڈی ایم ایز) کی مدد کے لیے ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں، رضاکاروں، خوراک اور غیر خوراکی اشیا کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلامک ریلیف نے اپنے جاری منصوبے BRAVE Project کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دی جو کہ استا محمد، جعفرآباد اور نصیرآباد میں جاری ہے اور مستقبل کے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں این او سی کے حصول اور ضلعی فوکل پرسنز کے کردار پر بھی بات ہوئی تاکہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا نہ ہوں اور ہموار طریقہ کار کے تحت تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔شرکا نے یقین دہانی کرائی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں ڈی ڈی ایم ایز کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں سمیت ضروری وسائل مہیا کیے جائیں گے۔اجلاس مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوا اور تمام اداروں نے مشترکہ طور پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات