عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی اور دیگر جلوسوں کی حفاظت کے لیے 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 530 سے زائد ٹریفک اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق صرف مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے 2400 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں کل 105 جلوسوں کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں میں شرکاء کو صرف مختص انٹری پوائنٹس سے داخلے کی اجازت ہو گی جہاں واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ جلوس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں۔

جلوس کے روٹس پر گلیاں اور سڑکیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس کی خصوصی ٹیمیں، ڈولفن اور محافظ اسکواڈ اپنے اپنے علاقوں میں گشت اور سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :