مساجد، ، میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور اجتماعات کی سکیو رٹی کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے،ترجمان سیالکوٹ پولیس

ہفتہ 6 ستمبر 2025 12:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ضلع بھر میں نکالے جانے والے 175 جلوسوں اور منعقدہ 40 سے زائد محافل میلاد میں سیالکوٹ پولیس کے افسران و جوان شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر مساجد، ، میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق اس موقع پر 2000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹیز سرانجام دے رہے ہیں۔ مرکزی جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جلوسوں کے روٹس پر موبائل اور موٹر سائیکل سکواڈز کی پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے جبکہ خواتین اہلکار بھی اجتماعات کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کی خاطر خصوصی ڈیوٹیز دی گئی ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عاشقانِ رسول کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا سیالکوٹ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس ہر لمحہ الرٹ اور متحرک ہے۔