پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں عید میلاد النبی ﷺپرنور محفل کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 12:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں عید میلاد النبی ﷺ پرنور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید، افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور نعتِ رسول مقبول پیش کی گئی، جبکہ اس موقع پر قرآن خوانی بھی کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں ملاوٹ کو سختی سے منع کیا گیا ہے، یہ گناہِ کبیرہ ہے۔

(جاری ہے)

رسول اللہ ﷺکی سیرت طیبہ ہمیں دیانت اور خالص حلال رزق کی تعلیم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ دین اسلام کی بنیادی تعلیمات اور سماجی اقدار کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔عاصم جاوید نے کہا کہ ہمیں اپنے قول و فعل میں صداقت اختیار کرتے ہوئے معاشرے کو ملاوٹ کی لعنت سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹ رزق کی برکت ختم کر دیتی ہے، جبکہ خالص اور حلال رزق میں شفا اور سکون ہے۔ امتِ مسلمہ کی ترقی دیانت داری، خلوص اور رسول اللہ ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :