ملک بھر کی طرح سکھر میں بھیعید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی 12 ربیع الاول عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم اور بابرکت دن، 1500واں یوم جشن آمد رسول صه سکھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر نکالے گئے عقیدت افروز جلوسِ میلاد میں لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ نے والہانہ انداز اور جوش و جذبہ کے ساتھ شرکت کی ، شہر بھر میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے نعرے گونج اٹھے ۔

جلوس شیخ شہین بادشاہ سے شروع ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے استقبالیہ کیمپ گھنٹہ گھر پر پہنچا جہاں ترجمان حکومت سندھ و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، معروف عالم دین مفتی ابراہیم قادری سمیت ممتاز علمائے کرام نے ذکرِ خیرِ مصطفیٰ ﷺ پیش کیا اور شرکاء کے دلوں کو ایمان اور محبت سے سرشار کیا۔

(جاری ہے)

اس پرنور موقع پر میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول اسلامی تاریخ کا وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنی سب سے بڑی نعمت اور آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو اس دنیا میں بھیجا۔

قرآن پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے (وما أرسلناك إلا رحمةً للعالمين) یعنی نبی کریم ﷺ کی آمد کسی ایک قوم یا خطے کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی ولادت ایک ایسے ماحول میں ہوئی جب دنیا ظلم، جہالت اور ناانصافی کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اس وقت معاشرے میں انسانی اقدار پامال تھیں، طاقتور کمزور کو دباتا تھا، عورت کو حقیر سمجھا جاتا تھا اور معصوم بچیوں کو زندہ دفن کرنے جیسی سنگدلانہ رسمیں عام تھیں۔

ایسے گھٹن زدہ اور بے رحم ماحول میں آپ ﷺ کی آمد انسانیت کے لیے امید کی کرن، روشنی کا چراغ اور امن کا پیغام ثابت ہوئی۔میئر سکھر نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ انسانیت کے ہر شعبے کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے غلاموں کو آزادی، عورتوں کو عزت، یتیموں کو سہارا اور مظلوموں کو انصاف دیا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات عدل، مساوات، بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں، اور میلاد النبی ﷺ ہمیں اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی یاد دہانی کرواتا ہے۔

یہ دن ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ اسلام کے عالمگیر پیغامِ امن و محبت کو پھیلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ دنیا کو وہ روشنی میسر ہو جو نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو عطا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوس کے دوران سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے خصوصی اقدامات کیے تاکہ شہری مکمل سکون اور اطمینان کے ساتھ اس بابرکت دن کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔ ہم نے حتی المقدور یہ کوشش کی کہ شہر کے چوراہوں، شاہراہوں، راؤنڈ اباؤٹس اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے، مختلف مقامات پر بینرز آویزاں کیے جائیں، اسکرینز پر میلاد کے پیغامات ڈسپلے کیے جائیں اور صفائی ستھرائی کے بہترین سے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ سکھر کی فضا جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشبو اور نور سے معطر ہو۔

متعلقہ عنوان :