جنوبی کوریا کا امریکا میں گرفتار شہریوں کے لیے بھرپور سفارتی اقدام کا اعلان

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:20

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے ہفتے کے روز امریکا میں ہنڈائی موٹر کمپنی کے بیٹری پلانٹ پر امیگریشن چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے سینکڑوں کوریائی شہریوں کی مدد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست جارجیا کے شہر ساوانا کے قریب اس فیکٹری میں پیش آیا جو تعمیر کے مراحل میں ہے۔

جمعرات کے روز امریکی حکام نے 475 کے قریب ورکرز کو گرفتار کیا، جن میں 300 سے زائد جنوبی کوریائی شہری شامل ہیں۔ یہ امریکا کی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای ) کی تاریخ کی سب سے بڑی واحد سائٹ پر کارروائی تھی۔جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ صورتحال کا فوری جائزہ لیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر ضروری ہوا تو وہ خود واشنگٹن ڈی سی جا کر امریکی حکام سے ملاقات کریں گے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ امیگریشن قوانین کے سخت نفاذ کے حوالے سے اقدامات میں تیزی لا رہی ہے، جب کہ جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان 350 ارب ڈالر مالیت کی تجارتی سرمایہ کاری پر بھی حالیہ دنوں میں کشیدگی رہی ہے۔جنوبی کوریا نے اپنے شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار شدگان کو قونصلر رسائی، قانونی معاونت، اور انسانی حقوق کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے۔