Live Updates

محکمہ لائیوسٹاک کا سیلاب کی صورتحال و متاثرہ علاقوں میں ویٹرنری خدمات کی بروقت فراہمی بارے اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) محکمہ لائیوسٹاک میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں ویٹرنری خدمات کی بروقت فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل توسیع، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ سمیت تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ضلعی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک نے تمام اضلاع میں ویٹرنری سہولیات، ادویات، ویکسین اور ونڈے کے سٹاک کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسی بھی قسم کی غفلت کے بغیر ویٹرنری خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مویشی پال حضرات کو ونڈا اور سبز چارہ ہر صورت فراہم کیا جائے اور جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کی جائے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز اپنے ڈویژنز میں سیلاب کی وجہ سے مرنے والے اور لاپتہ ہونے والے جانوروں کے اعداد و شمار بارے رپورٹ بھی جلد از جلد مہیا کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :