عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز متحرک رہے، جلوس کے راستوں ، ہر گلی محلے اور بازاروں میں صفائی عملہ تعینات رہا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) شہر لاہور میں جشنِ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے ،جس سے شہریوں کے لیے ماحول نہ صرف صاف بلکہ خوشگوار بھی بن گیا۔ جلوس کے راستوں اور اہم شاہراہوں کو چونے سے سجایا گیا ،ہر گلی محلے اور بازاروں میں صفائی عملہ تعینات رہا۔

عید میلادالنبیؐ کے موقع پر لاہور کی 1500 سے زائد جامع مساجد کی واشنگ مکمل کی گئی جبکہ محافل میلاد اور ذکر و اذکار کے اجتماعات پر خصوصی ٹیمیں صفائی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم رہیں۔ میلاد چوک، سرکلر روڈ، سنہری مسجد، بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، اندرون لاہور اور داتا دربار سمیت شہر کے مختلف حصوں میں صفائی کے اقدامات کامیابی سے مکمل ہوئے۔

(جاری ہے)

مال روڈ، جیل روڈ، ضلع کچہری، اسلام پورہ، ساندہ اور آئوٹ فال روڈ پر بھی خصوصی صفائی انتظامات کیے گئے۔ جلوس کے راستوں پر پانی اور عرق گلاب کا چھڑکائو کا سلسلہ بھی جاری رہاتاکہ شہری اور زائرین ہر قدم پر خوشبو اور تازگی محسوس کریں۔ شہر بھر میں 1200 سے زائد ورکرز اور 30 افسران شہریوں کو اس خاص دن کے موقع پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈیوٹی پر پر مامور رہے صفائی کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ویسٹ کنٹینرز بھی نصب کیے گئے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی ہر موقع اور تہوار پر شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔