ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و خروش اورنہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ہفتہ12ربیع الاول کوجشن عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و خروش اورنہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پرشہر بھر میں جلوس نکالے گئے اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا گیا جبکہ جشن میلاالنبی ؐ کے سلسلہ میں کیک بھی کاٹے گئے جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔

عید میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار فیصل آباد سے برآمدہو کر مختلف راستوں سے ہوتا ہوا گھنٹہ گھرچوک پہنچ کر جھنگ بازار میں داخل اور جامع مسجدسنی رضوی جھنگ بازار میں اختتام پذیر ہوا جبکہ دوسرا جلوس لطیف چوک مکان ازاں میاں اصغر گجر سے شروع ہوکراپنے روایتی راستوں سے گزر کر دربار حاجی میاں غلام قادر المعروف بابا گجر پیر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

عاشقان رسول ؐ نے اپنی گاڑیوں کو بیت اللہ شریف اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجارکھا تھااور بچوں نے عربی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔فضا دن بھر سرکار کی آمد مرحبا مرحبا،سوہنا آیا تے سج گئے نیں گلیاں بازار کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ جلوسوں کے راستوں پر لنگر ونیاز کا بھی وسیع اہتمام کیا گیا تھا۔اسی طرح گھروں، دفاتر، مساجد، پارکوں، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں، شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، فلیکسز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیا سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔

اس موقع پر علما کرام نے اپنے خطابات میں حضور اکرم ﷺکی سیرتِ طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور اکرم ﷺکی سیرتِ طیبہ ہم سب کیلئے بہترین نمونہ ہے اور اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کیلئے سیرت پاک کو پیش نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آپؐ کو قیامت تک کیلئے تمام انسانوں کیلئے رسول بنا کر بھیجاگیا اور پوری انسانیت کی فلاح یقیناآپؐ کی سنت طیبہ کی پیروی میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ سے عشق اور عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور ہمارا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک نبی کریم ؐ کی محبت ہمارے لئے ہماری جان، اولاد، مال اور خاندان سے بڑھ کر نہیں ہوجاتی۔۔انہوں نے کہا کہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم ایک خوشحال معاشرے کا قیام عمل میں لا سکتے ہیں اورمعاشرے میں عدل وانصاف،رواداری،پیارومحبت،احترام انسانیت اور صبر وتحمل کے جذبات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پرفیصل آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ایلیٹ فورس کی چاک و چوبند ٹیمیں بھی شہر کے گردونواح میں گشت کرتی رہیں نیزشہر بھر میں مشکوک وشرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے نیزجلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے ایس ایس پی آپریشز آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیاجہاں تمام افسران جلوسوں کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے کنٹرول روم کو آگا ہ کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :