حضور پاکؐ کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر شب و روز گزارنے سے زندگی کے تمام شعبوں میں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں،حافظ محمد امجد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ممتاز مذہبی سکالراورمسلم لیگ علما ومشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہخاتم النبیین، رحمت اللعالمین،سرکار دوعالم، فخر موجودات،سرورکائنات حضرت محمدؐکا یوم ولادت مذہبی جو ش و خروش اور عقیدت و احترام سے منانا ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور پاکؐ کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر شب و روز گزارنے سے زندگی کے تمام شعبوں میں زبردست کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسوۂ رسول ؐ کو عام کر کے بھلائی اور خیر خواہی کے کاموں پر توجہ مرکوز رہنی چاہیے، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ اور اعلیٰ انسانی اقدار کی سربلندی ہی انسانیت کی معراج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جس رسول کریمؐ کے نام لیوا ہیں اپنے طرز زندگی سے پورے عالم اقوام پر یہ واضح کر دیں کہ اسلام اور امن ایک ہی چیز ہیں جہاں اسلام اور مسلمان ہوں گے وہاں امن اور خیر خواہی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپؐ کی ذ ات و کردار مسلمانوں کیلئے واجب التقلید نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ نے تمام عمر رواداری اور برداشت کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نفسا نفسی اور پر آشوبی کے دور میں حضورؐ کی تعلیمات، کردار اور حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر ہم معاشرے میں امن و امان اور احترام انسانیت پیدا کرنے سمیت فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پرہم یہ عہد بھی کرتے ہیں کہ ہم اپنے باہمی اختلافات بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرتے ہوئے محنت، لگن،دیانت سے ملکی و قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کر دار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :