آر پی او راولپنڈی ریجن کا کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے ہمراہ عید میلاد النبی ؐکے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک کے ہمراہ عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ایس پی راول ڈویژن سمیت پولیس افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ایس پی راول ڈویژن نے آر پی او اور کمشنر کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی جبکہ چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامات سے آگاہ کیا۔ آر پی او نے فول پروف سکیورٹی پلان، پولیس فورس کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض انجام دیں۔

جلوس میں شریک شہریوں سے خوش اخلاقی اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں الرٹ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی ہے تاکہ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر ہر فرد محفوظ ماحول میں اپنی مذہبی عقیدت کا اظہار کر سکے۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون اور پولیس کی محنت سے شہر میں امن قائم رہے گا اور شہری پرامن ماحول میں مذہبی تقریبات سرانجام دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ریجن پولیس اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کے ساتھ بہترین سکیورٹی انتظامات کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے بھی سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ جلوس کے دوران صفائی، روشنی، ٹریفک کی روانی اور دیگر سہولیات ہر ممکن طور پر فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :