آزاد کشمیر میں بھی جشنِ عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر جلوس و محافل کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جشنِ عید میلاد النبی ؐکے موقع پر جلوس و محافل کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کی مناسبت سے بابرکت تقریبات منعقد کی گئیں، 12 ربیع الاول کی صبح جشنِ صبح بہاراں اور پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، فضا درود و سلام اور نعرۂ رسالت ﷺ سے گونجتی رہی، عاشقانِ رسول ﷺ شہر بھر سے بڑی تعداد میں جلسے جلوسوں میں شریک ہوئے،جلسے ، جلسوں اور اجتماعات کے جملہ انتظامات کی نگرانی مرکزی سیرت کمیٹی کے زعما نے کی ۔

پرچم کشائی کے بعد 10 بجے صبح دربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکار میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ابتدائی نشست منعقد ہوئی، اس روحانی محفل میں نعتیہ کلام اور درود و سلام کی صدائیں بلند ہوئیں اور علماء و مشائخ نے ولادتِ باسعادت ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مرکزی جلوس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جلوس کا منظر نہایت دلکش اور دیدنی تھا، جلوس کے آغاز میں مدارس کے طلبہ نے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے اٹھائے، حضور پر نور علیہ الصلٰوۃ والسلام سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا، جابجا نصب سبز پرچم، عقیدت سے لبریز نعرے اور درود و سلام کی صدائیں، مظفرآباد کی فضا کو معطر کر رہی تھیں۔

مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد، انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ اور دیگر تنظیمات اور عاشقانِ مصطفٰی نے جگہ جگہ جلوس کا استقبال کیا اورپانی اور نیاز سے شرکاء جلوس کی خدمت کی گئی۔ قومی سیرت کانفرنس سے عالمی مبلغ اسلام علامہ مولانا سید فاروق حسین شاہ سیفی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اہلِ ایمان کے لیے عظیم رحمت ہے کیونکہ اسی مہینے میں نبی کریم ﷺ کی ولادت ہوئی، جو تمام جہانوں کے لیے باعثِ رحمت ہیں، امت مسلمہ کے لیے سب سے بڑا سرمایہ حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہے، اگر ہم حضور ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں، تو معاشرہ امن و سکون، اخوت و محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکتا ہے۔

قومی سیرت کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت کی خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی اور 12 ربیع الاول کے اس روح پرور اجتماع نے یہ پیغام دیا کہ جب تک عشقِ رسول ﷺ ہمارے دلوں میں زندہ ہے، ہم نہ صرف اپنی سرزمین بلکہ کشمیر، فلسطین اور پوری امت مسلمہ کے ہر مظلوم بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔