راولپنڈی میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت شایان شان طور پر انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

اتوار 7 ستمبر 2025 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) راولپنڈی میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت شایان شان طور پر انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس پرمسرت موقع پر شہر کی تمام مساجد، سڑکوں، گلیوں، بازاروں، گھروں، شاپنگ مالز اور سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں، برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے دلکش انداز میں سجایا گیا۔

مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں پل شاہ نظر، بنی چوک، مری روڈ، کمیٹی چوک، لیاقت روڈ اور فوارہ چوک سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ دوسرا بڑا جلوس 22 نمبر چونگی سے شروع ہوا جو ٹینچ روڈ، ڈھوک سیداں چوک، کلمہ چوک، آدڑہ روڈ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ موڑ، ایم ایچ چوک، محفوظ چوک، مانسہرہ اڈہ، نشتر اسٹریٹ، آدم جی روڈ، ریلوے روڈ، کامران مارکیٹ اور جی ٹی ایس چوک (اولڈ واران اڈہ) پر اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی جلوس نکالے گئے۔ جلوسوں میں شرکاء عقیدت کے ساتھ نعتیں پڑھتے اور قرآن پاک کی تلاوت کرتے رہے۔ بعض جلوسوں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز بھی ہمراہ رکھے گئے جبکہ مختلف میلاد اور نعت کمیٹیوں کی جانب سے نعت و قرأت کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کو ٹرافیاں، کیش انعامات اور دیگر تحائف سے نوازا گیا۔

عوام کی جانب سے جلوس کے راستوں پر سبیلوں اور لنگر کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔ علماء کرام اور مذہبی اسکالرز نے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے عید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ کامیابی و نجات کا واحد راستہ سیرت النبی ﷺ اور سنت رسول ﷺ کو اپنانے میں ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق مرکزی اور دیگر جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات تھے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 530 سے زائد ٹریفک اہلکاروں کو ڈیوٹی پر لگایا گیا۔ صرف مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے 2400 سے زائد اہلکار تعینات تھے۔ شہر میں کل 105 جلوسوں کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے اور تمام شرکاء کو صرف مختص انٹری پوائنٹس سے داخلے کی اجازت دی گئی جہاں واک تھرو گیٹس نصب تھے اور مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی شرکت ممکن تھی۔

ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 کے عملے کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رکھا گیا۔