معروف افسانہ نگار اشفاق احمد کی برسی 7ستمبر کو منائی گئی

اتوار 7 ستمبر 2025 11:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) پرائیڈ آف پرفارمنس، ستارہ امتیاز پانے والے اردو کے معروف افسانہ نگار، نثر نگار و مصنف اشفاق احمد کی برسی 7ستمبر اتوار کو منائی گئی۔ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات میں اشفاق احمد مر حوم کی اردو ادب کے حوالے سے طویل خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اشفاق احمد 22اگست 1925کو فیروز پور بھارت میں پیدا ہوئے۔لاہور سے ایم اے اردو کرنے کے علاوہ اٹلی، فرانس اور نیو یار ک یونیورسٹیوں سے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی، ان کا شمار نمایاں افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے۔انہوں نے اپنے ایک مشہور افسانے گڈریا سے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔اس کے علاوہ بے شمار ٹی وی ڈرامے تحریر کئے جن میں ایک محبت سو افسانے، طوطا کہانی، منچلے کا سودا، اچے برج لاہور دے، کارواں سرائے، قلعہ کہانی، حیرت کدہ اور ننگے پاؤں قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

اشفاق احمد نے 1965 میں ریڈیو پاکستان لاہور سے ایک فیچر پروگرام تلقین شاہ کے نام سے شروع کیا جو تقریباً تین دہائیوں سے زائد عوام میں بے حد مقبول رہا، ان کا یہ پروگرام قوم کے دل کی آواز تھا۔اشفاق احمد بیک وقت ڈرامہ نگار، افسانہ نویس،براڈ کاسٹر اور پنجابی کے شاعر بھی تھے۔ان کی تحریریں اپنا خصوصی تاثر رکھتے ہیں ۔ اشفاق احمد کو فنی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔اس کے علاوہ انہوں نے دوحہ قطر ایوارڈ اور ستارہ امتیاز بھی حاصل کیا۔ اشفاق احمد7 ستمبر 2004 کی صبح 79برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی وادبی حلقوں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔