آن لائن جواء اور بیٹنگ ایپ کے فروغ کا الزام؛ رجب بٹ، اقراء کنول، انس علی بھی طلب

یوٹیوبر، انفلوئنسرز لاہور دفتر میں ذاتی طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے سامنے پیش ہوں، این سی سی آئی اے نوٹس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 11:45

آن لائن جواء اور بیٹنگ ایپ کے فروغ کا الزام؛ رجب بٹ، اقراء کنول، انس ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر 2025ء ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے آن لائن جواء اور بیٹنگ ایپ کے فروغ کے الزام میں معروف یوٹیوبر اور انفلوئنسرز کو نوٹس جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے نے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسرز رجب بٹ، اقرا ء کنول اور محمد انس علی کو 9 ستمبر منگل کے روز طلب کیا ہے، یوٹیوبر اور انفلوئنسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کے سامنے منگل کو صبح 11 بجے ذاتی طور پر لاہور کے دفتر میں پیش ہوں اور اپنے دفاع میں بیان ریکارڈ کرائیں، غیر حاضری کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا بیان کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر اقراء کنول نے جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں ملنے والے نوٹس کا جواب جمع کروادیا، این سی سی آئی اے کو وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے تحریری جواب جمع کروایا گیا، تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ اقراء کنول جلد ماں بننے والی ہیں، اس حالت میں وہ حاضر نہیں ہوسکتیں، اقراء کنول کو پیش ہونے کیلئے کم ازکم دو ماہ دیئے جائیں، صحتیاب ہوتے ہی تفتیش میں تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ اس کیس میں میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ ہی یو ٹیوبر رجب بٹ کی بھی وکالت کریں گے، ان کی جانب سے 9 ستمبر کو رجب بٹ کا تحریری جواب جمع کرایا جائے گا، اس سلسلے میں میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے کیس کا تمام پہلوئوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور معروف یوٹیوبر کے کیس میں قانون کے مطابق مکمل دفاع کیا جائے گا۔