صدر مملکت نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025ء کی منظوری دیدی

مذکورہ بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد صدر آصف علی زرداری کو بھیجا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 12:40

صدر مملکت نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025ء کی منظوری دیدی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر 2025ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق بل کی منظوری کے بعد ڈیوٹیز یکم جولائی 2020ء سے موثر ہوں گی، بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد صدر مملکت کو بھیجا گیا تھا، چینی گرانٹ سے چلنے والے منصوبوں پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز لاگو ہونے پر قانونی وضاحت کے لیے بل منظور کیا گیا، اکتوبر 2022ء میں گوادر منصوبوں کی پیش رفت اجلاس میں اس ترمیم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بل کے مقاصد اور وجوہات میں بتایا گیا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر متعلقہ قانون میں مزید ترامیم کرنے کی تجویز دی تاکہ یہ ترامیم مالی سال 2020/21ء سے مؤثر ہوں، گوادر میں دو چینی گرانٹ فنڈڈ منصوبے، یعنی ’پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال‘ اور ’نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘، مالی سال 2020/21ء اور 2021/22ء کے دوران اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز کی زد میں آئے تھے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ چینی گرانٹ فنڈنگ میں ایسی ڈیوٹیز کی ادائیگی کا کوئی بندوبست شامل نہیں اور متعلقہ محکمہ کے پاس بھی ان ڈیوٹیوں کی ادائیگی کے لیے کوئی سہولت موجود نہیں ہے، اسی وجہ سے 5 اکتوبر 2022ء کو گوادر پروجیکٹس کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اینٹی ڈمپنگ ایکٹ میں ترمیم کو مالی سال 2020/21ء سے واپس مؤثر بنایا جائے گا تاکہ اس مدت کا احاطہ کیا جاسکے۔