Live Updates

پنجاب کے کئی شہروں میں بارش‘ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی

اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین جام شورو، حیدر آباد میں بھی بارش کا امکان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 11:23

پنجاب کے کئی شہروں میں بارش‘ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بادل برسنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی ہے جب کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ آج سندھ، جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور سندھ میں چند مقامات پر تیز موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، شمال مشر قی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں مزید بارش کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، رحیم یار خان، پاکپتن، ساہیوال، کوٹ ادو، خانیوال، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بارش متوقع ہے، جنوبی پنجاب کے شہروں بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں تیز بارش کی پیشگوئی ہے جب کہ سندھ کے شہروں عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان میں بھی بارشوں کا آغاز ہوگیا، 11 ستمبر تک میرپورخاص، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین جام شورو اور حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے، کراچی میں آج شام سے جمعرات تک وقفے وقفے سے تیز بارش ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 9 ستمبر تک حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے، پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، بالائی خیبرپختونخواہ، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مسافر اور سیاح حضرات سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں ، موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات