Live Updates

محمد حارث کو لانے کیلئے حسن نواز کو برباد کیا جارہا ہے، کامران اکمل

محمد حارث کو جس نمبر پر کھلایا جارہا ہے وہ وہاں اسے پرفارمنس دکھانے کا موقع نہیں مل رہا‘انٹرویو

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ بیٹر حسن نواز کو برباد کیا جارہا ہے۔ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محمد حارث کو جس نمبر پر کھلایا جارہا ہے وہ وہاں اسے پرفارمنس دکھانے کا موقع نہیں مل رہا۔اس کو فارم میں لانے کیلیے اپنے پرائم بیٹسمین حسن نواز کو خراب کیا جارہا ہے، اسی وجہ سے کپتان آغا سلمان بھی تذبذب کا شکار ہورہا ہے، اگر اسے پہلے 6 اوورز کھلائے جائیں تو مجھے امید ہے کہ وہ 60 سے 65 رنز بنا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کامران اکمل نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے بہت سے کھلاڑی اسی وجہ سے کارکردگی نہیں دکھا پائے، آصف علی کی مثال ہمارے سامنے ہے اس نے بھی دل برداشتہ ہوکر کرکٹ چھوڑ دی تھی۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے مزید کہا کہ ٹیم میں فیورٹ ازم چل رہا ہے کہ جو کھلاڑی چیئرمین کپتان کوچ کی پسند یا مرضی کا ہوگا اسی کو ٹیم میں جگہ مل رہی ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے محمد حارث کی خراب فارم پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر سابق بولر تنویر احمد لکھا کہ ’اگر محمد حارث نے ایسے ہی کھیلنا تھا تو محمد رضوان کو کیا جان بوجھ کر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔‘حارث اپنی آخری 9 ٹی 20 اننگز میں صرف 38 رنز بناسکے ہیں۔انہوں نے جولائی میں بنگلادیش کے خلاف 0، 4 اور 5 رنز بنائے ہیں، اس کے بعد اگست میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 6، 4 اور 2 رنز شامل ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات