کچے کے مختلف دیہات میں متاثرہ لوگوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد

اتوار 7 ستمبر 2025 16:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین نے کہا کہ کچے کے مختلف دیہات میں متاثرہ لوگوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن کی ہم مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایسا اظہار انہوں نے کچے کے مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس کا دورہ اور صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینے کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ او نے بتایا کہ گاؤں بوڈو باگڑی، ناچیانی، گل بیگ چانڈیو سمیت دیگر دیہات میں قائم کیمپس میں اب تک 1150 سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، جن میں ہیپاٹائٹس بی، سی، ایچ آئی وی، ملیریا، ڈینگی اور دیگر امراض میں مبتلا افراد شامل ہیں۔ ساتھ ہی تشخیصی ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں جبکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر پیر غلام حسین نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور ڈاکٹر بھی اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، جنہیں کشتیوں، لائف جیکٹس اور طبی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 30 اگست سے 7 ستمبر تک پولیو مہم جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف دیہات میں علاج اور ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :