سبی ،جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

اتوار 7 ستمبر 2025 17:40

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)سبی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ،جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے سیکورٹی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی اورایس ایس پی سبی اختر نوازنے کی،جلوس کے گذر گاہوں کو خاردار تاریں لگا کر سیل کر دیا ،سیکورٹی کے امور سبی پولیس اور لیویز کے جوانوں نے سر انجام دئیے ،جلوس کے ہمراہ ڈپٹی کمشنرسبی میجر (ر)الیاس کبزئی ،ایس ایس پی سبی اختر نواز،اسسٹنٹ کمشنر سید منصور شاہ ،اے ایس پی سٹی گلاب خان شیخ،لیویز رسالدار میر عارف مری ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سبی میر سیف اللہ سیلاچی اور دیگر تھے۔

جشن عید میلاد النبی ﷺکا مرکزی جلوس حضرت سیدفقیر اللہ جان نقشبندی کی سربراہی میں نشتر روڈ سے سخت سیکورٹی میں برآمد ہوا جلوس میں سبی اور گردونواح سے سو سے زائد چھوٹے بڑے جلوس شامل ہوئے جس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ شامل تھے جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے ہاتھوں میں سبز جھنڈے اور سینوں پر نعلین مبارک سجا رکھے ہیں جلو س میں ہر مکاتب فکر کے اور ہر عمر کے افراد شامل ہیں مختلف مقامات پرجشن عید میلاد النبیﷺکے جلوس کے شرکاء سے حضرت سیدفقیر اللہ جان نقشبندی،علامہ صوفی سلیمان نقشبندی،علامہ سید فیاض حسین شاہ، علامہ سید ریاض حسین شاہ، حافظ نذر علی القادری ، مفتی ظفراللہ قادری، علامہ امین نقشبندی، علامہ بشیر چشتی، علامہ عین العابدین، علامہ آزاد، علامہ اختر خجک،علامہ عبدالطیف نقشبندی، گل جان قادری کے علاوہ معروف نعت خواں ریاض ندیم نیا زی و دیگر علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ آپ ﷺ کی نو را نیت اور نورانی تعلیمات ہم گنہگا روں کے لیئے آخرت میں شفا عت کی ضامن بنے گی مقررین نے کہا کہ آپ ﷺ نے مقدس رشتوں کی پہچان دی اور والدین کے رتبے کو سب سے عظیم قرار دیا جبکہ بیٹی اور بہن اور دیگر مقدس رشتوں کی بھی اہمیت بتا ئی آپ ﷺ کی آمد ہما رے لیئے خو شی اور محبت کی نوید ہے مقررین نے کہا آپ ﷺ کی ولا دت مبا رکہ کو 1500سال مکمل ہو چکے ہیںاور آج پوری دنیا میں آپ کی ولا دت مبا رکہ کو جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے انسان کے علا وہ چرند پرندبھی آج کے دن خوشیوں سے چہک رہے ہیں انھوں نے کہا کہ ہما ری خوش قسمتی ہے کہ کہ ہم حضور کے امتی ہو نے کا شرف رکھتے ہیں اور حضور کے امتی روز حشر کے دن آپ کی شفا عت سے جنت میں داخل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

جلوس میں دودھ اور پانی کی سبیلیں اورجگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جلوس کے راستوں پرمیونسپل کمیٹی سبی کے عملہ نے صفائی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے جلوس کے راستوں پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظاما ت کیے گئے تھے جلوس کے تمام گذر گاہوں کو خاردار تاریں لگا کرمکمل طور پر سیل کر دیا گیا اور شہر کی داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ نشتر روڈ پر پہنچا جہاں پر ملک کی سلامتی و خوشحالی اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعاوں کے بعد اختتام پذیر ہوا۔