Live Updates

جلال پور پیر والا میں سیلابی صورتحال، شہریوں کے انخلا کے لیے ریسکیو آپریشن رات سے جاری

پیر 8 ستمبر 2025 10:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) جلال پور پیر والا میں رات بھر جاری رہنے والا ریسکیو آپریشن اب تک جاری ہے، سیلابی صورتحال کے باعث انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے مسلسل سرگرم عمل رہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان رات بھر موقع پر موجود رہے اور صبح تک بھی ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔

ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او بھی متاثرہ علاقوں میں موجود تھے۔ کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کے انخلا تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محفوظ مقامات پر لوگوں کی منتقلی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی براہِ راست آن لائن مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور ہر لمحے کی صورتحال سے آگاہ ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جبکہ پولیس اور سول ڈیفنس اہلکار بھی آپریشن میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ متاثرہ افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس وقت تک کوششیں جاری رہیں گی جب تک تمام شہری محفوظ مقامات تک نہیں پہنچ جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات