لبنانی حکومت نے ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی فوج کی منصوبہ بندی کی تائید کر دی

پیر 8 ستمبر 2025 10:40

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) لبنان کی حکومت نے ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی فوج کی منصوبہ بندی کی مکمل حمایت اور تائید کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات لبنان کے وزیر زراعت نزار ہانی نے مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لبنانی فوج کو اس بات کا اختیار دے دیا ہے کہ وہ ہتھیاروں کے کنٹرول کے لئے وقت کا تعین کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج کا سربراہ اس حوالے سے حکومت کو باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرے گا جبکہ شیعہ اتحاد سے تعلق رکھنے والے وزرا نے اس موضوع پر مزید بحث کے لیے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کو جنوبی لبنان کی پانچ متنازعہ مقامات سے پیچھے ہٹنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تجویز اسرائیل پر بھی ذمہ داریاں عائد کرتی ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز جنوبی لبنان کے علاقے راس الناقورہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امریکی ایلچی مورگن اورٹاگوس اور امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے سربراہ براد کوپر نے بھی شرکت کی۔