کاشتکاروں کوچنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85سے 95ہزار فی ایکڑ رکھنے کا مشورہ

پیر 8 ستمبر 2025 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) کاشتکار چنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85سے 95ہزار فی ایکڑ رکھیں اور سیڈ گریڈنگ کے بعد موٹے دانوں کی کاشت یقینی بنائی جائے کیونکہ موٹے دانوں کی صورت میں کاشت کے شروع میں ہی صحت مند پودے اگنا شروع ہو جاتے ہیں اور ان کی اچھی نشو ونما ہونے سے پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتاہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے کہا کہ چنا موسم ربیع کی ایک انتہائی اہم پھلی دار فصل ہے اور پنجاب میں 24 لاکھ63 ہزار ایکڑ رقبہ پراس کی کاشت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں چنے کی کاشت کے کل رقبے کا 81 فیصد پنجاب پر مشتمل ہے جبکہ پنجا ب میں چنے کی کاشست کا92فیصد رقبہ بارانی علاقوں پر محیط ہے جن میں تھل، بھکر،خوشاب، لیہ، میانوالی، جھنگ کے اضلاع شامل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ عام جسامت کے دانوں والی اقسام کا 30کلو گرام صاف ستھرا، خالص، صحت مند، منظور شدہ بیج فی ایکڑ استعمال کرناچاہیے تاہم کابلی چنے کی موٹے دانوں والی اقسام کی صورت میں بیج کی شرح 35 کلوگرام فی ایکڑ سے کم نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جاسکتاہے۔