کینسر کی تشخیص کے وقت اللہ نے میری مدد کی، عاصمہ عباس

پیر 8 ستمبر 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) اداکارہ عاصمہ عباس نے کینسر کی تشخیص، علاج اور دیگر کئی بیماریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت تھا، اللہ نے اس وقت میری مدد کی۔ احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ "ایکسکیوز می" میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پورے عرصے میں میرے ساتھ زارا ررہی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیماری کی تشخیص سے پہلے اپنے اندر غیر معمولی چیزیں محسوس کر رہی تھی۔

میں بہت سکڑ رہی تھی، اگرچہ مجھے خوشی ہوتی تھی کہ میرا وزن کم ہو رہا ہے لیکن معاملہ کچھ اور تھا۔ تشخیص میں وقت لگا لیکن پھر بھی یہ سب بروقت ہو گیا جس کے بعد میں نے علاج میں کوئی تاخیر نہیں کی۔ میں نے فوری طور پر اپنے دو پراجیکٹس ختم کیے اور علاج شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

بہت سے لوگوں نے مجھے کہا کہ علاج امریکا سے کراؤ۔ میرے بھائی نے بھی کہا کہ امریکا آجاؤ لیکن ہمارے والد کہا کرتے تھے کہ موت کا فرشتہ کہیں بھی آسکتا ہے، یہی یقین تھا، اس لیے میں نے پاکستان میں علاج کروایا۔

نظر بد حقیقت ہے! یہ میرے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ اللہ کا شکر ہے اس کی رحمتوں پر۔ اس کے علاوہ بھی مجھے کئی بیماریاں ہیں۔ میری گردن میں پلیٹس ہیں، کندھوں کے ٹینڈن پھٹے ہوئے ہیں، میں تقریباً بیس سال سے شوگر کی مریضہ ہوں لیکن پھر بھی میں ٹھیک ہوں، آپ مجھے میرے پنجابی شو میں رقص کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔