ہسپانوی ٹینس سٹار الکاراز نے سنر کو شکست دے کر یو ایس اوپن جیت لیا

الکاراز نے پہلا سیٹ 6-2 سے اپنے نام کیا، لیکن دوسرے سیٹ میں سنر نے واپسی کرتے ہوئے 3-6 سے فتح حاصل کی

پیر 8 ستمبر 2025 15:13

ہسپانوی ٹینس سٹار الکاراز نے سنر کو شکست دے کر یو ایس اوپن جیت لیا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے اطالوی حریف یانک سنر کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا،فائنل میچ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے باعث 30 منٹ تاخیر ہوئی۔الکاراز نے پہلا سیٹ 6-2 سے اپنے نام کیا، لیکن دوسرے سیٹ میں سنر نے واپسی کرتے ہوئے 3-6 سے فتح حاصل کی۔

اس کے بعد الکاراز نے شاندار انداز میں مقابلہ دوبارہ اپنے قابو میں کیا اور اگلے دونوں سیٹ 6-1 اور 6-4 سے جیت کر چیمپئن بن گئے۔22 سالہ الکاراز نے اس جیت کے ساتھ دوسرا یو ایس اوپن اور مجموعی طور پر چھٹا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیا۔ الکاراز ا?ج (پیر)سے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لیں گے جو وہ ستمبر 2023 کے بعد پہلی بار سنبھالیں گے، جب انہوں نے سنر کی ہارڈ کورٹ گرینڈ سلیمز پر 27 میچوں کی جیت کا سلسلہ توڑا۔

(جاری ہے)

الکاراز اور سنر چار چار گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت کر ٹینس کی دنیا پر اپنی بالادستی قائم کر چکے ہیں تاہم براہ راست مقابلوں میں الکاراز سنر کے خلاف پانچ اور دس کے فرق سے واضح طور پر برتری رکھتے ہیں۔تاریخی فائنل میں صدر ٹرمپ کی موجودگی نے ایک اور پہلو جوڑ دیا، وہ قومی ترانے سے قبل شائقین کو ہاتھ ہلاتے نظر آئے اور اس موقع پر انہیں حوصلہ افزائی اور ہوٹنگ دونوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم میچ کے دوران دوبارہ اسکرین پر دکھائے جانے پر ردعمل زیادہ منفی رہا۔

تماشائیوں میں کئی مشہور شخصیات بھی موجود تھیں جن میں راک اسٹار بروس سپرنگ سٹین، فیشن ڈیزائنر ٹومی ہلفگر، اداکار مائیکل ڈگلس اور باسکٹ بال لیجنڈ اسٹیفن کری شامل تھے۔الکاراز نے سنر کو 6-2 ، 3-6 ، 6-1 اور 6-4 سے شکست دی۔اس جیت کے ساتھ الکاراز چوتھے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے تینوں سطحوں ہارڈ کورٹ، گراس اور کلے پر ایک سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہیں۔