ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیین شپ میں نیا ریکارڈ بنانے کی ٹھان لی

پیر 8 ستمبر 2025 19:24

ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیین شپ میں نیا ریکارڈ بنانے کی ٹھان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)اسٹار جیولن تھروور ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیین شپ میں نیا ریکارڈ بنانے ٹھان لی اور کہا ہے کہ کوئی دباؤ نہیں ہے اور میں مکمل فٹ ہوں، پاکستان کا پرچم سربلند کروں گا۔انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ارشد ندیم ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں عالمی مقابلے کیلئے بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔

پیرس کے ہیرو کی بارش کی وجہ سے پچھلے ایک ہفتے آوٹ ڈور ٹریننگ متاثر رہی لیکن آج جیولن سے لمبی لمبی تھرو لگا کر اپنے ردھم میں واپس آگئے۔قومی اتھلیٹ نے کہا کہ برطانیہ سے سرجری کرانے کے بعد 12 اگست سے ٹریننگ کر رہا ہوں اور اس وقت کافی اچھا محسوس کر رہا ہوں، ردھم بنا ہوا ہے، امید ہے پاکستان کا پرچم بلند کروں گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جاپان میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کا مقابلہ بھارتی حریف نیرج چوپڑا، جولین ویبر سمیت دنیا کے بہترین اتھلیٹس سے ہونا ہے، ارشد ندیم ٹوکیو میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

ارشد ندیم کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 2020 کا مقابلہ آج بھی میرے ذہن میں ہے تاہم اب کافی کچھ بدل گیا ہے ، ہر گیم کا الگ ماحول ہوتا ہے میری کوشش ہوگی کہ اپنا بہترین کھیل پیش کروں، عوام سے اپیل ہے کہ میرے لیے دعا کریں۔دوسری جانب، ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ نے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں شریک کسی دوسرے کھلاڑی کی پروا نہیں ، ہمارا مقابلہ ہمیشہ اپنے ساتھ ہوتا ہے اور ہم کوشش کرتے ہیں اپنی تھرو کو بہتر بنائیں جب کہ باہر والے جو بھی سوچتے رہے ہمارے پر کوئی دباؤ نہیں ہے، ارشد ندیم اچھے ردھم میں ہے اس کی فٹنس اچھی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئین شپ کے لیے ارشد ندیم 9 ستمبر کو جاپان روانہ ہوں گے، عالمی مقابلوں کا کوالیفائنگ راونڈ 17 ستمبر اور فائنل 18 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔