Live Updates

صفائی کے نظام کو بہتر اور معیاری بنانے سے درمیانی اور کم آمدنی والے ممالک کی مجموعی قومی پیداوار میں 5 فیصد تک اضافہ ممکن ہے، عالمی بینک

پیر 8 ستمبر 2025 17:14

صفائی  کے نظام کو بہتر اور معیاری بنانے سے درمیانی اور کم آمدنی والے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) عالمی بینک نے کہا ہے کہ صفائی کے نظام کو بہتر اور معیاری بنانے سے درمیانی اور کم آمدنی والے ممالک کی مجموعی قومی پیداوار میں 5 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔ یہ بات عالمی بینک کی ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں کہی گئی ہے’’ صفائی ستھرائی کے عالمگیر بحران: فوری اقدامات کی ضرورت ‘‘ کے نام سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات کے نتیجے میں شہریوں ، اقتصادی نمو اور ماحولیات پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر پانچ میں سے دو افراد کو صفائی کے ناقص انتظامات کا سامنا ہے ، کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں شہریوں کو صفائی کے ناقص انتظامات ، غربت اور ماحولیاتی و موسمیاتی خطرات کا یکساں طور پر سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب، قحط سالی اور سمندروں کی سطح میں اضافے جیسے موسمیاتی عوامل کی وجہ سے صفائی کے پہلے سے کمزور نظام پر مزید بوجھ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ان ممالک میں مجموعی قومی پیداوار میں کمی آ رہی ہے۔

رپورٹ میں صفائی کے فعال ، موثر اور ماحول دوست نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صفائی کی معیاری خدمات کی فراہمی سے انسانی صحت ، معیشت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ اور آلودگی میں کمی ممکن ہے۔ رپورٹ میں اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افریقہ میں صفائی کے انتظامات کےلئے ایک ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں 7 ڈالر کا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوار میں 5 فیصد اضافہ ممکن ہے۔ رپورٹ میں صفائی کے بہتر انتظامات کےلئے اسے مقامی، علاقائی اور قومی سطح پر اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات