مقررہ تاریخ کے بعد ہر قسم کی گاڑی کے ٹرانسفر پر اضافی فیس عائد کی جائے گی،محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب

پیر 8 ستمبر 2025 15:27

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑی فوری طور پر اپنے نام ٹرانسفر کروا لیں، بصورت دیگر مقررہ تاریخ کے بعد ہر قسم کی گاڑی کے ٹرانسفر پر اضافی فیس عائد کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کا ایک جدید نظام نافذ کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر براہ راست مالک کے قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہو گا۔

اس نظام کے تحت گاڑی فروخت کرنے والے مالکان کو یہ سہولت حاصل ہو گی کہ وہ اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اپنے پاس رکھ سکیں جبکہ استعمال شدہ گاڑی خریدنے والوں کو نیا رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نئی سکیم کے تحت اس سے قبل رجسٹرڈ یا ٹرانسفر ہونے والی تمام گاڑیوں کی ملکیت کمپیوٹرائزڈ کوائف کے مطابق حتمی قرار دی جائے گی۔ اگر کوئی شہری اپنی گاڑی فروخت کر چکا ہے لیکن خریدار نے تاحال اپنے نام ٹرانسفر نہیں کروائی تو ایسے افراد 1035 پر کال کر کے فوری طور پر گاڑی کی رجسٹریشن معطل کروا سکتے ہیں۔ محکمہ ایکسائز نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹرانسفر کرائیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :