چیئرمین واپڈا کی کنٹری ڈائریکٹرورلڈ بنک سے ملاقات،

داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبوں پر تبادلہ خیال

پیر 8 ستمبر 2025 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2025ء)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) سے پاکستان میں ورلڈ بنک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما ایمگبازار کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبوں کے مالی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ بنک داسو پراجیکٹ کیلئے 1517 ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔

تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے ورلڈ بنک کی فنڈنگ390 ملین ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ورلڈ بنک پاکستان میں پن بجلی کے وسائل کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔ داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ پاکستان کی انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم ہیں۔ داسو اور تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ کم لاگت اورماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک نے کہا کہ پاکستان میں ماحول دوست اور پائیدار توانائی کے فروغ میں واپڈا کاکردارقابل تعریف ہے۔ پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا منصوبوں کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔