بلوچستان حکومت وٴْسعت قلبی ،برداشت کا مظاہرہ کرے، گرفتار رہنماؤں کو رہا کیا جائے، سردار کمال خان بنگلزئی

پیر 8 ستمبر 2025 21:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور اقوام بنگلزئی کے سربراہ، سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کو دل بڑا کرتے ہوئے پٴْرامن احتجاج کو برداشت کرنا چاہیے اور گرفتار سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 2 ستمبر کے دلخراش واقعے کے بعد بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور سماجی انجمنوں کی جانب سے پٴْرامن احتجاج کیا گیا، مگر حکومت نے اس کے جواب میں لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ اور رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریاں کیں جو نہایت افسوسناک عمل ہے۔

سردار کمال خان بنگلزئی کا کہنا تھا کہ سیاست میں برداشت اور رواداری بنیادی اصول ہیں، مگر حکومت نے پٴْرامن احتجاج کو سننے کے بجائے طاقت کا استعمال کیا۔ لاٹھی چارج، آنسو گیس اور گرفتاریاں عوامی جذبات کو مزید بھڑکانے کے مترادف ہیں اور یہ طرزِ عمل کسی بھی طور دانشمندانہ نہیں۔