بھارت، 2 بچوں کی ماں نے باڈی بلڈنگ چیمپئن بن کر سب کو حیران کر دیا

اس سال بنکاک میں ہونے والی 57ویں مسٹر ایشیا چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا اور میرا اگلا ہدف عالمی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کرنا ہے : شہناز بیگم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 ستمبر 2025 11:09

بھارت، 2 بچوں کی ماں نے باڈی بلڈنگ چیمپئن بن کر سب کو حیران کر دیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2025ء ) بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی 2 بچوں کی ماں شہناز بیگم کو ان کے شوہر نے طلاق دے دی، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور باڈی بلڈنگ کے میدان میں کئی عالمی اور ایشین مقابلوں میں تمغے جیت لیے۔ 
باڈی بلڈر شہناز بیگم کا تعلق چنائی کے کوڈونگائیور سے ہے۔ انہوں نے اپنی گریجویشن مکمل کر لی ہے اور خاص طور پر 2 بچوں کی ماں بننے کے بعد اب جم جا کر باڈی بلڈنگ کے شعبے میں نام کمایا ہے۔

باڈی بلڈنگ میں ان کی کامیابیوں نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ 
شہناز بیگم کو باڈی بلڈنگ میں دلچسپی اپنے والد جعفر پاشا سے ملی، کیونکہ وہ بھی باڈی بلڈنگ میں بہت سے تمغے جیت چکے ہیں۔ 
اب ان کی بیٹی اپنے والد کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں اپنا نام بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہناز بیگم نے 2018ء میں ’’مس چنئی باڈی بلڈنگ‘‘ اور 2019ء میں ’’مس انڈیا باڈی بلڈنگ‘‘ کا خطاب حاصل کیا، جبکہ 2024ء میں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت کر سمیت دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

اپنے ٹریننگ شیڈول اور ڈائیٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہناز نے کہا ”شروع میں میں صبح ایک گھنٹہ اور شام کو ایک گھنٹہ ٹریننگ کرتی تھی لیکن اب تقریباً صبح 1 سے3 گھنٹے اور شام میں 1 سے3 گھنٹے تک ٹریننگ ہوتی ہے۔“ 
انہوں نے بتایا کہ ”میں خوراک اور پانی کی صحیح مقدار لیتی ہوں۔ لیکن مقابلے کے دوران یہ شیڈول بدل جاتا ہے۔ 
سخت تربیت کی وجہ سے، میرے پاس گھر پر گزارنے کے لیے بہت کم وقت رہتا ہے۔

اگر میں گھر پر رہتی ہوں تو اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتی ہوں۔“ 
شہناز بیگم کہتی ہیں کہ ’’میرے رشتہ دار مجھے مشورے کے نام پر طعنے دیتے تھے اور کہتے تھے کہ عورتیں باڈی سوٹ کیوں پہنتی ہیں؟ جم جانا کیا ضروری ہے؟ کچھ اور کرو ، بچوں کی پرورش کرو۔ ان تکلیف دہ طعنوں کے باوجود، میں نے ہمت نہ ہارے تربیت جاری رکھی اور 2024ء میں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا‘‘۔ 
شہناز بیگم نے کہا ”میں نے اس سال بنکاک میں ہونے والی 57ویں مسٹر ایشیا چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا اور میرا اگلا ہدف عالمی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کرنا ہے۔“

متعلقہ عنوان :