آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزدگیاں، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل

پاکستان ویمنز ٹیم کی وکٹ کیپر منیبہ علی، آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگاسٹ اور نیدر لینڈز کی آئرس زیولنگ شامل

منگل 9 ستمبر 2025 15:07

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزدگیاں، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئر آف دی منتھ اگست 2025 کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے پاکستانی کھلاڑی بھی شامل۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہر ماہ کے اختتام پر اس مہینے میں بہتری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز میں سے بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے تین نامزدگیوں کا اعلان کرتی ہے، عوامی آرا پر ایک کھلاڑی کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔

آئی سی سی نے گزرے ماہ اگست کے لیے بھی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے، جس میں ایک پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہے۔ تاہم یہ نامزدگی کسی مرد کرکٹر نہیں بلکہ ویمنز کرکٹ ٹیم میں سے سامنے آئی ہے۔ویمنز کرکٹرز کی کٹیگری میں آئی سی سی نے جن تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں پاکستان ویمنز ٹیم کی وکٹ کیپر منیبہ علی، آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگاسٹ اور نیدر لینڈز کی آئرس زیولنگ شامل ہیں۔

پاکستانی اوپنر منیبہ علی نے حال ہی میں آئرلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 68 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ اس تیز رفتار سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔یہ منیبہ کے کیریئر کی اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے دوسری سنچری تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر نے اپنی پہلی ٹی 20 سنچری بھی 2023 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف ہی بنائی تھی۔

مینز کرکٹ میں تین نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس میں ایک بھی پاکستانی کرکٹر جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ آئی سی سی نے بھارت، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے ایک ایک کھلاڑی کو نامزد کیا ہے۔بھارتی پیسر محمد سراج کو انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کرنے اور سیریز برابر کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔

اس فہرست میں شامل نیوزی لینڈ کے میک ہنری نے زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں 16 وکٹیں لیں اور ٹیم کو ایک میچ میں اننگ اور 359 رنز کی تاریخی کامیابی دلائی۔ویسٹ انڈین بولر جیڈن سیلز نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور 34 سال بعد اپنی ٹیم کو سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا یہ کارنامہ انہیں آئی سی سی کی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں میں شامل کر گیا۔