تمنا بھاٹیہ کے حوالے سے عبدالرزاق نے خاموشی توڑ دی

کیمرے کے سامنے تو سب ہی لڑکیاں خوبصورت لگتی ہیں تاہم تمنا بھاٹیہ سے شادی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا

منگل 9 ستمبر 2025 15:07

تمنا بھاٹیہ کے حوالے سے عبدالرزاق نے خاموشی توڑ دی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیہ سے شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی نجی تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے جہاں ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کے حوالے سے گفتگو کی، وہیں ان سے بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیہ سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

عبدالرزاق نے بہو بلی فیم بالی ووڈ ایکٹریس سے متعلق سوال پر پہلے تو ہنس پڑے اور پھر کہا کہ تمنا بھاٹیہ اچھی اداکارہ ہیں اور وہ سب کو ہی اچھی لگتی ہیں۔سابق آل راؤنڈر نے اداکارہ کو پسند کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کیمرے کے سامنے تو سب ہی لڑکیاں خوبصورت لگتی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے تمنا بھاٹیہ سے شادی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمنا بھاٹیہ سے 12 سال قبل ایک تقریب میں ملاقات ہوئی تھی، جس پر لوگ آج تک سوال کرتے ہیں۔واضح رہے کہ عبدالرزاق اور تمنا بھاٹیہ کی 12 سال قبل ایک جیولری شاپ پر لی گئی تصویر کئی بار سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔اسی تصویر کی بنیاد پر 2020 میں بھارتی میڈیا نے دونوں کی شادی کی خبر دی تھی، جو جھوٹی نکلی۔گزشتہ دنوں بھی تمنا بھاٹیہ سے اسی تصویر سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس تصویر سے جڑی خبر کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلا وجہ ان کی پاکستانی کرکٹر سے شادی کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔